شائقین کا جوش وخروش ناقابل بیان، ٹکٹس ناپید ہوگئے

September 19, 2018

دبئی (نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے لئے دوپہر بارہ بجے تماشائیوں کے لئے گیٹ کھل جائیں گے۔میچ ساڑھے تین بجے شروع ہوگا۔میچ کے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔میچ سے متعلق سوچ کر متحدہ عرب امارات میں رہنے والے شائقین خوشی سے پھولے نہیں سمارہے ہیں، ان کا جنون عروج پر ہے، اور اس کا ثبوت ٹکٹوں کی فروخت میں دیکھا جا سکتا ہے ۔ میچ کے ٹکٹس ناپید ہوچکے ہیں۔ 19 ستمبر کا میچ ’’سولڈ آؤٹ‘‘ ہے یعنی تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں۔سب سے کم ٹکٹ ڈیڑھ سو درہم مالیت کا ہے جبکہ اس کے بعد 300، 550 اور 750 درہم مالیت کے ٹکٹ ہیں جبکہ کارپوریٹ باکس کے ٹکٹ کی قیمت پانچ ہزار اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت چھ ہزار درہم ہے۔ ڈیڑھ سو درہم کا ٹکٹ بلیک میں 500 سے لے کر 600 درہم میں فروخت ہوا ہے۔ ہر کوئی گرائونڈ میں آنے کے لئے بے چین ہے۔دبئی اسٹیڈیم میں کئی بڑی ٹیموں نے ون ڈے انٹر نیشنل کھیلے ہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی یہاں خطاب کرچکے ہیں۔ شاہ رخ خان سمیت کئی مشہور شخصیات کے میوزیکل کنسرٹ اور شوز ہوچکے ہیں لیکن پاک بھارت میچ کے لئے جوش وخروش نا قابل بیان ہیں۔