سزا معطل ہونے پر بریڈ فورڈ کے لیگی کارکنوں میں خوشی کی لہر

September 20, 2018

بریڈ فورڈ (محمد رجاسب مغل) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی سزائیں معطل اور ان کے رہا کرنے کا حکم پر بریڈ فورڈ میں لیگی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ احسان الحق بٹ نے سزا معطلی پر تمام مسلم لیگی کارکنوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سزا انتقامی کارروائی تھی۔ ہائی کورٹ کے جج نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حق اور سچ پر مبنی فیصلہ دیا ہے۔ چوہدری عمر نے کہا کہ پاکستان کے مقبول لیڈر کو زیادہ دیر عوام سے جدا نہیں رکھا جا سکتا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما صادق حجازی نے کہا کہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ ممریز لودھی نے کہا غیر جمہوری قوتیں ہمیشہ پاکستان میں جاری ترقی کا راستہ روکنا چاہتی تھی۔ انتقام کا نشانہ بنا کر مسلم لیگ ن کی قیادت کو دیوار کے ساتھ لگایا گیا۔ سلام پیش کرتے ہیں کہ ملک کی خاطر میاں نواز شریف نہ جھکے ہیں نہ بکے ہیں۔ گزشتہ70سال سے ملک کو تجربہ گاہ بنا دیا گیا اب وقت آگیا ہے کہ عوام کی حکومت قائم ہو۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما راجہ جاوید قادر نے کہا کہ احتساب کے نام پر جس طرح شریف خاندان کا استحصال کیا گیا تاریخ میں اس کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ شریف خاندان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ شریف خاندان کی رہائی حق اور سچ کی فتح ہے۔ طارق بٹ نے کہا ایک سال سے زائد عرصہ تک مفروضوں پر کیس بنایا گیا اور کرپشن کا ایک بھی ثبوت نہ پیش کر سکے۔ لیکن میاں نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں دنیا کی کوئی طاقت ان کو ان سے جدا نہیں کر سکتی۔