علما ئے کرام منبر و محراب کے امین ، امن و آشتی کے پیامبر ہیں، انصرمجیدخان

September 20, 2018

لاہور(اپنے نامہ نگار سے،خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے کہا ہے کہ علما ئے کرام منبر و محراب کے امین ، امن و آشتی کے پیامبراور حکومت کے دست و بازوہیں۔ ان کے کلیدی کردار کے بغیر ملک کی پر امن فضا کو برقرار رکھناناممکن ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنرسرگودھا کے دفتر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اورسکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انصرمجید خان نے کہا کہ محرم الحرام کا تقدس اورحرمت ہم سب پر واجب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا ایک پر امن ضلع اور اس کا ماضی ہر قسم کے فسادات سے پاک ہے۔وزیرمحنت نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیاکہ سرگودھا میں تمام مکتبہ ہائے فکر اور مسلک کے علمائے کرام و اکابرین کے مابین باہمی ہم آہنگی ، رواداری اور اتفاق کا انتہائی مضبوط رشتہ ہے تاہم شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی بھی اشدضرورت ہے ۔انصرمجیدخان نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ عاشورہ کے موقع پرمجالس اور دیگر مواقع پرطبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں اور عملے کوالرٹ رکھیں ۔محرم الحرام کیلئے قائم کنٹرول رومز کے نمبر کو بینرز اور پینا فلکس پر درج کر کے تمام تحصیلوں میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیاجائے اور موبائل فون سروس جام ہو نے کی صورت میں کنٹرول رومز کے علاوہ انتظامی اداروں میں لینڈلائن فونز کو ہمہ وقت چالو رکھاجائے ۔