ایران : فوجی پریڈ کے دوران حملہ ، ہلاکتیں 24 ہوگئیں

September 22, 2018

ایرانی شہر اہواز میں فوجی پریڈ کے دوران دہشت گرد حملے میں ہلاک افراد کی تعداد 24 ہوگئی ہے ،53 سے زائد زخمی ہیں ۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق زخمیوں کوطبی امدادکیلئےاسپتال منتقل کردیاگیا۔ایران کے جنوبی شہر اہواز میں فوجی پریڈ جاری تھی کہ فوجی وردیاں پہنے حملہ آوروں نے فائرنگ کردی ۔

ایران کے مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں نے عام شہریوں اور فوجیوں دونوں پر فائرنگ کی، فائرنگ کا سلسلہ تقریباً 10 منٹ تک جاری رہا۔

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے پریڈ دیکھنےوالوں پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ2 گرفتار کرلیے گئے۔

مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ کچھ حملہ آور بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد ایرانی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔

ایرانی فوج کے ترجمان نےکہا ہےکہ حملہ آوروں کا تعلق داعش سے نہیں تھا، حملہ آوروں کارابطہ اسرائیل اورامریکا کے ساتھ تھا۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہےکہ ایرانی عوام کےدفاع کےلیےجوابی کارروائی کاحق محفوظ رکھتے ہیں ، دہشت گردوں کواسلحہ،تربیت اور معاوضہ غیرملکی حکومت نے ادا کیا۔

ایران کے مختلف شہروں میں عراق کے ساتھ جنگ کی 38 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے جس کے سلسلے میں متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔