ایشیاکپ کے شیڈول میں توازن نہیں، پاکستان کو تسلیم نہیں کرنا چاہئے تھا، پی سی بی

September 23, 2018

دبئی(نمائندہ خصوصی)پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے اعتراف کیا کہ ایشیا کپ کا شیڈول بناتے وقت اس میں توازن نہیں رکھا گیا۔بھارت کس طرح ایک سینٹر پر ٹورنامنٹ کے سارے میچ کھیل رہاہے۔میں نے اس بارے میں ابھی اپنے لوگوں سے نہیں پوچھا ،لیکن پاکستان کو ٹورنامنٹ کا یہ شیڈول تسلیم نہیں کرنا چاہیے تھا۔اس شیڈول سےسبق سیکھ رہے ہیں۔آئندہ سوچ سمجھ کر ٹورنامنٹ کا شیدول بنائیں گے جو سب کے لئے برابر ہو۔یہ سارے فیصلے مجھ سے پہلے ہوئے تھے۔ہفتے کو جنگ کو انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی دنیا کی جن لیگز خاص طور پر ٹی ٹین لیگ میں حصہ لیتے ہیں ان لیگز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہمارے کھلاڑی جن لیگز میں شرکت کرتے ہیں وہاں ہمیں اس بات کی ضمانت لینا ہوگی کہ جو لوگ لیگ چلارہے ہیں وہ قابل اعتماد،اچھی ساکھ کے حامل ہیں۔یقین دہانی کے بعد اپنے کھلاڑیوں کو ان لیگز میں کھیلنے کی اجازت دیں گے۔پی سی بی میں ایک کاغذ نہیں ہے جس کو دیکھ کر کہا جائے کہ ٹی ٹین لیگ چلانے والے کون لوگ ہیں۔پی سی بی نے ٹی ٹین لیگ میں اپنے کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت دی ہے لیکن میں جب تک مطمین نہیں ہوں گا کوئی کھلاڑی ٹی ٹین لیگ نہیں کھیلے گا۔مجھے ٹی ٹین کے بارے میں آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی چاہیے تاکہ پاکستان کانام خراب نہ ہو۔اب پیسوں پر پاکستان کی ساکھ کو داو پر نہیں لگاوں گا۔