تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف تھر کول یوسی جی ملازمین کا احتجاج

September 24, 2018

اسلام کوٹ(نامہ نگار)تھر کول یو سی جی پروجیکٹ کے درجنوں ملازمین نے مستقل تقرری اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ملازمین مانک سونارو ،علی احمد خاصخیلی،صفدر علی اور دیگر نے کہا کہ نہ تو وفاق اس پروجیکٹ کو تسلیم کر رہا ہے نہ ہی سندھ جس کے باعث ہم ملازمین پریشان ہو گئے ہیں۔بجٹ کی عدم ادائیگی کے باعث پروجیکٹ کا کام اس وقت بند ہے اور اربوں روپے کی مشینری تباہ ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ کو ہر لحاظ سے سندھ حکومت ہی چلا رہی تھی اور تمام تر تقرریوں اور ٹینڈرز سمیت دفتری کارروائیوں میں سندھ حکومت کے سیکریٹریز کے دستخط ہیں مگر اب ہمیں تنگ کیا جا رہا ہے۔ تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے ہم 400 ملازمین معاشی طور پر پریشان ہیں ۔انہوں نے وزیر اعلی سندھ سے اپیل کی ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی سمیت بجٹ جاری کر کے اس اہم منصوبے کو چلایا جائے یا کوئی بہتر فیصلہ کر کے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔