ٹیکس چور ٹھیک ہوجائیں، ان کے خلاف کارروائی ہونے والی ہے،اسدعمر

September 25, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والوں کیخلاف حکومت نے ٹاسک فورس قائم کردی ہے، ٹیکس چوروں اور گھنگرو بجانے والوں کیلئے مشورہ ہے اب بھی وقت ہے، جائز ٹیکس دینا شروع کردیں یہ پچھلے والی حکومت نہیں، جو تقریریں کریگی اور کچھ نہیں کریگی ورنہ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی، ہم نے 183 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ سیٹ کیا ہے 92 ارب روپے ٹیکس چوروں کو پکڑ کر لیں گے، فنانس بل میں امیر وں پربوجھ ڈالاہے، اپوزیشن لیڈر آج جو باتیں کررہے ہیں کاش اپنے دور میں بھی اس کا خیال رکھتے، سی پیک پر سیاست نہ کی جائے، گیس کی قیمتیں بڑھانے کی سفارش اوگرا نے کی ہے، گیس کے شعبے میں 154 ارب روپے کا خسارہ ہمارے دور میں نہیں سابق دور میں ہوا ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ بڑی معیشت ہونے کی بناء پر پاکستان کو اپنی دھونس سے دبا سکتا ہے تو یہ درست نہیں۔ پیر کو قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل 2018ء پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے بجٹ کے حوالے سے خیالات کا ذکر کیا ، یوں لگتا ہے کہ ان کو بجٹ کے حوالے سے درست انداز میں نہیں بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 200 ارب ڈالر واپس لانے کی بات نہ تو انکے کسی لیڈر نے کی نہ ہی پیپلزپارٹی اور نہ ہی شیخ رشید نے واپس لانے کی بات کی ۔یہ ان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےو اپس لانے کی بات کی تھی، انہوں نے کہا کہ سی پیک میں شامل تمام توانائی کے منصوبوں پر 75 فیصد قرضہ اور 25 فیصد ایکو یٹی ہے۔ یہ کہنا درست نہیں کہ ان قرضوں پر سود شامل نہیں‘ سود کم ہے مگر سود کا عنصر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کیلئے ٹیکس کی قیمتیں صرف 10 فیصد تک بڑھائی ہیں امیر ترین لوگوں پر 143 فیصد تک بڑھائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی قیمت بڑھنے سے پیدا ہونے والے اثرات کسان پر نہیں آنے دیں گے۔