’’حریم فاروق‘‘ جو لائیں اپنی فٹنس اور اداکاری میں دن بہ دن نکھار

September 30, 2018

سیلیبرٹیز کو لائم لائٹ میںرہنے کے ساتھ ساتھ فٹ رہنے کیلئے بھی بہت جتن کرنے پڑتے ہیں۔ فلموںکی شوٹنگ کا شیڈول ہو، خطرناک اسٹنٹس ہوںیادوردراز کا سفر، اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے انھیں باقاعدگی سے جم میںایکسرسائز کرنا پڑتی ہیں، اسی وجہ سے یہ فنکار اسکرین پر نگینے کی طرح فٹ نظر آتے ہیں۔ عامر خان کی مثال ہی لے لیجئے، تھری ایڈیئٹس کیلئے وزن کم کیا تو دنگل کیلئے بڑھا لیا۔ بہرحال یہ تو مسٹر پرفیکٹ ہیں لیکن ہمارے فلمی ستارے بھی کسی لحاظ سے کم نہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کی بات کریںتو ہمارے نئے آنے والے فنکار نہ صرف ذہین ہیں بلکہ خوبصورت اور فٹ بھی۔ انہی فنکاروں میں سے ایک ہیںحریم فاروق، جن کا شمار سب سے فٹ اداکاراؤں میں کیا جائے تو غلط نہیں ہوگا کیونکہ جب وہ انڈسٹری میںآئیں تو زیرو سائز کی نہیںتھیں۔ لیکن یہاںوہی چلتا ہے، جو سب سے فٹ ہوتا ہے۔اسی لیے انہوں نے ایک سال سے کم عرصے میں25کلو وزن کم کرکے سب کوحیران کردیا تھا۔ حریم فاروق نے اس بارے میں کہا، ’ایمانداری کی بات کی جائے تو صرف جسمانی طور پر خود کو تبدیل کرنا ہی سب کچھ نہیں ہوتا، آپ کی طاقت، ہمت اور اپنے بارے میں سوچ، یہ سب باتیں بہت اہمیت رکھتی ہیں۔ آپ ایسے کپڑے پہنیں، جو کبھی آپ کو فٹ نہیں آرہے تھے لیکن اب فٹ ہوگئے، تو جب آپ خود کو آئینےمیں دیکھیں گے تو ایک الگ سی خوشی اور جذبہ محسوس ہوگا، جو بےحد ضروری ہے‘۔ حریم مشورہ دیتے ہوئے کہتی ہیں، ’جو بھی وزن کم کرنا چاہتا ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہمت رکھے، میں اب خود کو آئینے میں دیکھتی ہوں تو مجھے بےحد خوشی ہوتی ہے اور خود پر فخر ہوتا ہے‘‘۔

اپنی اداکاری کے حوالے سے حریم فاروق کا کہنا تھا، ’میرا وزن جب زیادہ تھاتب بھی میرا ٹیلنٹ میرے ساتھ تھا، لوگ مجھے قبول کرتے تھے، مجھے پروجیکٹس مل رہے تھے اور میں ہر اس جگہ جاتی تھی جہاں مجھے جانا ہوتا تھا، اب میرا وزن25کلو کم ہے لیکن سب کچھ پہلے جیسا ہی ہے، میرے وزن کا میرے ٹیلنٹ سے کوئی تعلق نہیں‘۔حریم کے مطابق وہ کھانے پینے کی بےحد شوقین ہیں، وہ دوسروں کو بھی مشورہ دیتی ہیں کہ خود کو بھوکا نہ رکھیں اور جم میں ورزش کے بعد کیلا ضرور کھائیں۔

ابتدائی حالات

حریم نے صحافت اور عمرانیات (Sociology) میںبیچلر ز کررکھے ہیں۔ ان کے والدین نے انھیں کہا کہ پہلے ڈگری حاصل کرو، پھر جوچاہو کرو۔ ان کے پاس دو راستے تھے ، یا تو قانون دان بن جائیںیا پھر اداکارہ۔ اے لیول کی پڑھائی کے ساتھ جب انہوں نے تھیٹر میں حصہ لینا شروع کیا تو ان کے دل نے کہا کہ یہی وہ پیشہ ہے، جو انہیں اپنانا چاہئے۔ انہوں نے اس فیصلے کا اظہار اپنے والدین سے کیا، جنہوںنے کوئی اعتراض نہیںکیا۔ والدین کی سپورٹ ملنے کے بعد یہ فیلڈ ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں رہی بلکہ ان کے والدین کا کہنا تھا کہ اگر اس فیلڈ کا انتخاب کیاہے تو پھر آخر تک جانا ، یہ نہیںکہ دو تین ڈرامے کئے اور ختم۔ 2013ء میں حریم بھرپور طریقے سے شوبز انڈسٹری میں جلوہ گر ہوئیں اوربہت سی فلموں اور ڈارموں میںاپنی اداکاری کی دھاک بٹھا دی۔

2016ء میںریلیز ہونے والی اپنی فلم میںحریم نے ایک ایسی عورت کا کردار ادا کیا، جو ایک طرف ایک چھوٹے بچے کی ماں ہے اور روایات کی پابند بھی جبکہ دوسری طرف اپنی خواہشات سے مجبور بھی ہے۔ زیادہ تر مناظر میں حریم بخوبی اپنے کردار کو نبھا لیتی ہیں۔اس فلم کی کہانی ایک نوجوان آرکیٹیکٹ حمّاد (عدیل حسین) اور کتابوں کی اِلسٹریشن بنانے والی زینب (حریم فاروق) کے گرد گھومتی ہے اور اُن کے رُک رُک کے چلنے والے عشق کی داستان سناتی ہے۔ اس کے علاوہ 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم کی تشہیر کے سلسلے میں حریم فاروق اسٹار کاسٹ کے ساتھ ٹرک اڈے پہنچ گئی تھیں، جہاں فوٹو شوٹ ہوا اور اس دوران حریم نے چائے بھی بنائی۔

جسٹن ٹروڈو سے ملاقات

حریم فاروق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سے بھی ملاقات کر چکی ہیں، جس میںانھوںنے جسٹن ٹروڈو سے دونوں ملکوں کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے حوالے سے بات چیت کی۔ حریم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر سب کے پسندیدہ جسٹن ٹروڈو کے ساتھ ایک تصویر شیئرکی اور ساتھ میں لکھا، یہ لمحہ میرے کیریئر کی بلندی ہے کہ مجھے جسٹن ٹروڈو سے ملاقات کا موقع ملا۔