ضمنی انتخابات، بجلی و گیس کی قیمتیں نہ بڑھانے کا امکان

October 01, 2018

ضمنی انتخابات تک بجلی اور گیس کی قیمتیں فی الحال نہ بڑھائے جانے کا امکان ہے، حتمی فیصلہ کل اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رواں ماہ ہونے والے ضمنی الیکشن کے باعث گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن روکے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگاجس میں ضمنی انتخابات کے پیش نظر بجلی و گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ایک ماہ کےلئے روکا جاسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ پہلے اقتصادی رابطہ کمیٹی گزشتہ اجلاس میں کرچکی ہے ،کل ہونے والی میٹنگ میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیش کی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن ضمنی انتخابات تک موخر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے ۔

ای سی سی اجلاس میں ایل این جی معاہدوں کی رپورٹ پر بھی غور کیا جائےگا،اس موقع پر پاکستان نے سعودی عرب سے ادھار تیل کی باضابط درخواست کی ہے اس پر بات ہوگی۔