پائلٹ بن کر پورے گائوں کو سیر کرا دی

October 10, 2018

ایک بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے پورے گاؤں والوں کو جہاز کے سفر کا تحفہ دیا اور نئی نسل کے لیے ایک مثال قائم کردی۔

نوجوان پائلٹ ویکاس جیانی کا تعلق بھارتی شہر جالندھر کے گاؤں سارنگ پور سے ہے، جن کا خواب بچپن سے ہی پائلٹ بن کر اپنے گاؤں کا نام روشن کرنا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ویکاس جیانی نے بطور پائلٹ پہلی کامیاب پرواز کرنے کے بعد اپنے گاؤں کے 22 افراد کو جہاز کا سفر کروایا، جن میں سب کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔

ویکاس نے گاؤں کے بزرگوں کو اپنی فلائٹ میں نئی دہلی سے امرتسر کا ہوائی سفر کروایا جس کے بعد ان بزرگوں نے گولڈن ٹیمپل، جلیاں والہ باغ اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا جبکہ اس تحفے پر تمام بزرگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بھی کبھی جہاز کا سفر کریں گے۔

ویکاس کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو شروع سے یقین تھا کہ وہ ایک دن ضرور پائلٹ بنے گا اور آج وہ ایک کامیاب پائلٹ ہے۔

والد کے مطابق ویکاس ہمیشہ بڑوں کا ادب و احترام کرتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ آج کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔