سینیٹ، مشاہد اللہ اور فواد چوہدری میں جھڑپ، الزامات،تلخ جملوں کا تبادلہ

October 11, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا میں ایک مرتبہ پھر سنیٹر مشاہد اللہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے درمیان الفاظوں کی شدید جھڑپ ہوئی، ایک دوسرے کیخلاف غیرپارلیمانی زبان کا استعمال کیا گیا ، سنیٹر مشاہد اللہ اس بات پر اصرار کرتے رہے کہ جب تک وفاقی وزیر اپنی کہی گئی باتوں پر معذرت نہیں کرتے اس وقت تک بات نہیں کر سکتے ، اس پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کس بات کی معذرت کریں انہوں نے سارا خاندان پی آئی اے میں بھرتی کر کے ادارے کا بیڑہ غرق کر دیا، اس دوران چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی دونوں کو چپ کرانے کی کوششیں کرتے رہے ، چیئرمین سینٹ نے سنیٹر مشاہد اللہ کی طرف سے استعمال کئے گئے غیرپارلیمانی الفاظ کو کارروائی سے حذف کر ا دیا اور چیئرمیں سینیٹ کے کہنے پر وفاقی وزیر نے معذرت کرلی، وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری سوال کا جواب دینے کیلئے کھڑے ہوئے تو اس دوران سنیٹر مشاہد اللہ بھی کھڑے ہوگئے اور چیئرمین سینٹ سے کہا کہ آپ نے کہا تھا کہ یہ معافی مانگیں گے پھر بات کرینگے۔