معاشی اقدامات کا تعلق آئی ایم ایف کی کسی شرط سے نہیں، اسد عمر

October 17, 2018

کراچی(ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرخزانہ اسد عمرنے کہا ہے کہ معاشی اقدامات کا تعلق آئی ایم ایف کی کسی شرط سے نہیں، آئی ایم ایف کا وفد 7سے 20نومبر تک پاکستان میں ہوگا، بیل آوٴٹ پیکج کے پراسز کو مکمل ہونے میں کم از کم 2ماہ کاوقت درکار ہوگا، اس وقت تقریباً 12ارب ڈالرز کا گیپ ہے ،یقیناً آئی ایم ایف مکمل رقم فراہم نہیں کرے گا لیکن آئی ایم ایف کے بعد ورلڈ بینک ،ایشین ڈیولپمنٹ بینک جیسے ادارے معاونت کے لئے تیار ہوجاتے ہیں،کوشش ہوگی کہ آئی ایم ایف سے زیادہ سے زیادہ رقم حاصل کی جاسکے تاکہ معیشت مستحکم ہوسکے،اس سال ورلڈ بینک اور ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے ذریعے رواں سال 5ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا امکان ہے، گزشتہ برس بجٹ خسارہ 4.1فیصد رکھا گیا تھا جو بڑھ کر 6.6فیصد ہوگیا، یہ 2.5فیصدتقریباً ایک ہزار ارب روپے کی رقم بنتی ہے،ڈالرکی قدرگرنے کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر گرنا شروع ہوگئے۔ مالی اقدامات کے باعث خسارے میں کمی آرہی ہے، گزشتہ 3ماہ میں درآمدات اورجاری کھاتوں کے خسارے میں کمی آئی ہے جبکہ برآمدات بڑھی ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ دنیا میں غیر متوقع تبدیلیاں آرہی ہیں ،امریکااور چین کے درمیان معاشی جنگ شروع ہوچکی ہے ۔