شیخ سلمان کے ایشین فٹ بال چیف بننے کی حمایت کریں گے، فیصل صالح حیات

October 30, 2018

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ اے ایف سی کے آئندہ انتخابات میں ہم شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کی بھرپور حمایت کریں گے اور انہیں دوبارہ اے ایف سی کا صدر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے یہ بات اے ایف سی کانگریس کے اجلاس میںخطاب کے دوران کہی۔ اے ایف سی کانگریس کا دو روزہ اجلاس کوالالمپور میں پیر کو شروع ہوا جس میں ایشین فٹ بال کے 45 سے زائد مندوبین نے شرکی کی۔ اجلاس میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ فیصل صالح حیات نےبطور ممبر اے ایف سی شرکت کی جبکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل فہد خان، عرفان نیازی اور کیپٹن عبید اللہ بھی شامل تھے۔

فیصل صالح حیات نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ سلمان نے اپنے موجودہ ٹینور میں ایشین فٹ بال کی بے انتہا خدمت کی ہے جس کی وجہ سے ایشین فٹ بال کا معیار بلند ہوا ہے۔ آج ایشیا کا فٹ بال گراس روٹ لیول پر بہت آگے جا چکا ہے۔ پاکستانی فٹ بال کی ترقی میں بھی شیخ سلمان کا بہت بڑا ہاتھ ہے، ان کے کردار کی وجہ سے ہمیں کھیل کے بے تحاشہ مواقع میسر آرہے ہیں۔

اس موقع پر شرکاء کی جانب سے ایک قرار داد بھی پیش کی گئی جس میں ایشین فٹ بال کے صدر کے انتخاب کیلئے تمام ممالک نے تائید کی۔ اجلاس میں ایشین ممالک کے درمیان رابطوں کی صورتحال، ایشین چیمپئن شپ، کھیل کو درپیش نئے چیلنجز اور دیگر امور پر بھی بحث کی گئی۔