چیئرمین پی سی بی کا سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار

October 31, 2018

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین محسن حسن خان نے سرفراز کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے الگ کرنے کی تجویز دی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ سرفراز تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں اور کپتان رہیں گے، بورڈ کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔

احسان مانی کا کہنا ہے کہ کوئی بھی سرفراز احمد سے کپتانی لینے کا نہیں سوچ رہا، سرفراز پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اور کسی کو بھی اس پر کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے، اس وقت کوئی اور دوسرا قیادت کی ذمہ داری کے لیے زیر غور نہیں ہے، سرفراز احمد کو بورڈ کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

احسان مانی نے امید ظاہر کی کہ سرفراز کی قیادت میں پاکستان ٹیم کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔

محسن حسن خان، سربراہ کرکٹ کمیٹی

واضح رہے کہ محسن حسن خان نے کہا تھا کہ سرفراز احمد پر ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے سبب اضافی دباؤ ہے، میں کرکٹ کمیٹی میٹنگ میں سفارش کروں گا کہ انہیں کچھ آرام دیتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کسی اور سینئر کھلاڑی کو دے دی جائے۔