ڈہرکی: گٹکے سے بھرا ٹریلر پکڑ لیا گیا، 2 افراد گرفتار

November 05, 2018

ڈہرکی میں پولیس نے قومی شاہراہ پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکے سے بھرا ٹریلر قبضے میں لے لیا تاہم مبینہ طور پر گرفتار مرکزی ملزم کو لاکھوں روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا گیا۔

ایس ایس پی گھوٹکی اسد اعجاز ملہی نے ڈہرکی تھانے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب سے کراچی جانے والے ٹریلر پر چھاپہ مارکر ڈھائی سو بوریوں میں 625 من گٹکا برآمد کیا گیا۔

کارروائی کے دوران ٹریلر کے ڈرائیور اور کلینر کو گرفتار کر لیا گیا، تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریلر کو گزشتہ رات پکڑا گیا تھا اور مرکزی اسمگلر گل خان کو مبینہ طور پرلاکھوں روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا گیا۔

قبضے میں لیے گئے گٹکے کی مالیت ڈھائی کروڑ روپے ہے جسے کراچی اسمگل کیا جا رہا تھا۔