شام، داعش اور ایس ڈی ایف میں جھڑپیں، 43 ہلاک

November 05, 2018

شام کے مشرقی علاقے میں داعش کے حملے میں امریکی حمایت یافتہ شامی گروپ کے 12جنگجو ہلاک اور 20زخمی ہو ئے جبکہ جوابی کارروائی میں داعش کے 31جنگجوؤں کے مارے جانے اور متعدد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

مانیٹرنگ گروپ کے مطابق شام کے صوبے دیرالزور میں داعش کے جنگجوؤں نے عراقی سرحد سے متصل علاقے میں کار بم دھماکا کیا۔

بم حملے کے بعد داعش کی امریکی حمایت یافتہ شامی ڈیموکریٹک فورسز سے جھڑپیں ہوئیں، جن میں ایس ڈی ایف کے 12جنگجو مارے گئے تاہم شامی فورسز نے ان ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔

شامی ڈیموکریٹک فورسز نے داعش کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کےدوران 31 داعش جنگجوہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ داعش ہی کی دو گاڑیاں تباہ کر دی گئیں جن میں سے ایک میں بارود لدا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز کو امریکی حمایت حاصل ہے اور اس کے جنگجوؤں میں زیادہ تر کرد شامل ہیں۔