تحریک آزادی کشمیر منزل کے قریب آنے لگی ہے، چوہدری عظیم

November 13, 2018

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) گزشتہ پندرہ برسوں سے کشمیر کمیٹی کا کردار تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کے لئے برائے نام رہا۔ مولانا فضل الرحمن قابل قدر شخصیت ہیں لیکن تحریک کے لئے اس قدر کام نہ کیا جتنی ضرورت تھی، آج ان کو جن حالات کا سامنا ہے یہ زوال انہیں کشمیریوں کی آواز عالمی سطح پر بلند نہ کرنے کے باعث ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی کے صدر چوہدری عظیم نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عظیم کا مزید کہنا تھا کہ اب عالمی سطح پر تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال کے پیش نظر تحریک آزادی اپنی منزل کے قریب آتی جارہی ہے۔ UNOکی رپورٹ برطانوی پارلیمنٹ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کے بعد برسلز میں انسانی حقوق کے کمیشن میں بحث قابل تحسین اقدام ہے۔ اس سے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر تقویت ملے گی۔