محکمہ خزانہ پنجاب نے سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے اور چنگا پانی پروگرام کیلئے فنڈز جاری کر دیئے

November 18, 2018

لاہور(اپنے نامہ نگار سے) محکمہ خزانہ پنجاب نےجاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے سپورٹس کمپلیکس کے منصوبے اور شوکت خانم فلائی اوور کیلئے فنڈز جاری کردیئے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں99کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں ۔ محکمہ خزانہ نے مذکورہ فنڈز سیکرٹری ہاوسنگ کے حوالے کردیئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہر کے سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کو مکمل کرنے کے لیے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں جس میں ہرقومی اسمبلی کے حلقے میں تعمیر ہونے والے فی سپورٹس کمپلیکس کے لیے 83 لاکھ جاری کیے گئے ہیں ذرائع کے مطابق ایک موریہ پل روڈ کی توسیع کے لیے 8 کروڑ 33 لاکھ روپے جاری کیے گئے ہیں۔ شوکت خانم فلائی اوور کی واجب الادا رقم کے لیے بھی 8 کروڑ 33 لاکھ جاری کیے گئے ہیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی کے لیے ماسٹر پلان کی کنسلٹینسی کی مد میں15 لاکھ جاری کیے گئے ہیں جوہر ٹاون میں واٹر سپلائی سسٹم کی بہتری کیلئے 83 لاکھ ،چنگا پانی پروگرام کی مد میں 66 لاکھ ،شہر کے دیہی علاقوں میں مختلف مقامات پر 5 پارکوں کی تعمیر کیلئے بھی فنڈز کا اجرا کیا گیا۔