وزیراعظم کی ہدایت نظر انداز، مختلف سیکٹروں میں گرین بیلٹ پر قبضہ برقرار

November 18, 2018

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں گرین بیلٹ کے تحفظ اور قبضہ مافیا کیخلاف سخت آپریشن کرنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے احکامات پر عمل نہیں ہو سکا۔ وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود مختلف سیکٹروں میں گرین بیلٹ پر قبضہ برقرار ہے۔ تمام سیکٹرز کی گرین بیلٹس ایریا میں بڑے پیمانے پر غیرقانونی کاروباری و تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ وہاں تعمیراتی میٹریل فروخت کیا جا رہا ہے جس میں اینٹ، بجری، سیمنٹ اور سریا شامل ہیں۔ کچے مکان بنا کر رہائش اختیار کی گئی ہے اور درجنوں کھوکھوں سمیت غیرقانونی پارکنگ بنا لی گئی ہے‘ غیرقانونی مساجد اور مدارس تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ سی ڈی اے اور ایم سی آئی یا تو قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہیں یا پھر اُن سے ملے ہوئے ہیں۔