جرمنی نے خاشقجی قتل میں ملوث 18 سعودی شہریوں پر پابندی لگادی

November 20, 2018

برلن (جنگ نیوز) جرمن حکومت نے اُن 18 سعودی افراد پر پابندی عائد کر دی جو مبینہ طور پر سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہیں۔ اس پابندی کے مطابق یہ افراد جرمنی کے علاوہ شینگن زون میں شامل 26 ممالک میں بھی داخل نہیں ہو سکتے۔ اس پابندی کا اعلان جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے پیر کے روز یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی برسلز میں منعقدہ ملاقات کے حاشیے میں کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سوالات زیادہ ہیں اور جوابات بہت ہی کم دستیاب ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ نے بھی گزشتہ ہفتے سعودی عرب سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خاشقجی کے قتل کی تفتیش شفاف انداز میں مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرے۔