پولیس کو دس دن کی وارننگ،عوام کو جواب دینا ہو گا،بشارت راجہ

December 02, 2018

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا کہ مصالحتی کمیٹیوں کو فعال کریں گے اور دیگر اصلاحات بھی لا رہے ہیں جن کا اعلان جلد کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نےمیڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہاکہ 10دسمبر کے بعد ہم اس پوزیشن میں ہوں گے کہ بہتری کے حوالے سے بتایا جا سکے۔ بشارت راجہ نے کہا کہ راولپنڈی میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کا نوٹس لیکر رکھا ہے دس دسمبرکے بعد سزا اور جزا کا قانون عوام کو نظر آئے گا، میری طرف سے پولیس کو دس دن کی وارننگ ہے اگر کوئی رشوت لینے یا کسی بھی جرم میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی ہو گی پولیس کوعوام کو جواب دینا ہو گا، قبل ازیں صوبائی وزیر نے کبڈی کی ترقی کیلئے ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبڈی میں انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی شناخت بنائیں گے، اجلاس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا، پاکستان نیوی کے. ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس کیپٹن ناصر، پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری طاہر وحید جٹ بھی موجود تھے۔