ای الیون میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن،29دکانیں سر بمہر

December 07, 2018

اسلام آباد(نیوز رپورٹر)سی ڈی اے نے سیکٹر ای الیون میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے 29غیرقانونی دکا نیں سر بمہر، تین غیرقانونی زیر تعمیرعمارتوں کی بنیادیں مسمارجبکہ این اوسی کے بغیر تعمیر کردہ ایک کثیر المنزلہ عمارت کونوٹس جاری کردیا۔اس دوران ڈپٹی ڈائریکٹر بی سی ایس عثمان،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد اشفاق،ذوالفقار عباسی،ظفر شاہ سمیت اے سی سعد اورپولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ دوران آپریشن3پلازوں میں موجود 29 غیرقانونی دکانوں اورتجارتی پوائنٹس کو سیل کیاگیا ،جبکہ 4غیرقانونی پلازہ مالکان کی جانب سے مسلسل کی جانے والی غیرقانونی تعمیرات ،پانی کی بورنگ اورنئی بنیادوں کو بھی مسمار کردیاگیا ۔ غیرقانونی تعمیرات پر مارگلہ ہلز نامی پلازے کو نوٹس جاری کیاگیا ۔ آپریشن آج(جمعہ)کو بھی جاری رہے گا۔