چینی معاون وزیرخارجہ کی شاہ محمود سے ملاقات

December 10, 2018

چین کے معاون وزیرخارجہ مسٹر کونگ زو آن یو نے وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں ملاقات کی ہے جس کے دوران علاقائی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چین سے دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، بہترین اور دیرپا نتائج کیلئے سی پیک پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔

چینی معاون وزیر خارجہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود نے خطے کو درپیش مسائل کے حل اور تعلقات بڑھانے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک مذاکرات پر اظہار اطمینان بھی کیا اور سی پیک کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی جلد تعمیر پر زور دیا۔

چینی معاون وزیر خارجہ کونگ زو آن یو نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اورغربت کے خاتمے پر تعاون کے لیے پرُعزم ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان مذاکرات میں اپنی شرکت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن واستحکام کے لیے چین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔