ایڈیشنل آئی جی کا کراچی بندرگاہ کا اچانک دورہ

December 11, 2018

ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے رات گئے کراچی بندرگاہ، آئل ایریا اور چائنا پورٹ کا اچانک دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ اور متعلقہ ایس ایس پیز کو موقع پر طلب کرکے خصوصی ہدایت جاری کیں۔

کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے کراچی بندرگاہ، کیماڑی، آئل ایریا شیریں جناح کالونی اور سی ویو کے راستوں پر سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اس سلسلے میں ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈو، ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر اور ساؤتھ پیر محمد شاہ کو بھی موقع پر طلب کیا۔

امیر شیخ نے بندرگاہ سے جڑے آئل ایریا کی سیکورٹی کیلئے قائم رینجرز اور ایف سی کی چوکیوں کا بھی معائنہ کیا۔ کراچی پولیس چیف امیر شیخ نے رینجرز اور پولیس کی چیک پوسٹوں پر چڑھ کر سیکورٹی امور کی خود نگرانی کی۔

ڈاکٹر امیر شیخ نے سیکورٹی اہلکاروں کو ڈیوٹی کے دوران حاصل وسائل کے حوالے سے سوالات پوچھے اور احکامات جاری کیے۔ کراچی پولیس چیف کے دورے کے دوران کے پی ٹی اور آئل ایریا میں اسٹریٹ لائٹس بند پائی گئی جسے دورہ کرنے والی ٹیم نے سیکورٹی رسک قرار دیا۔

سی سی پی او ڈاکٹر امیر شیخ نے پورے علاقے میں سرچ لائٹس اور واچ ٹاورز بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو خط لکھنے کا حکم دیا۔

پولیس چیف نے کے پی ٹی میں سیکورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کیماڑی سب ڈویژن کو تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

امیر شیخ نے کے پی ٹی سیکورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈو اور ایس ایس پیز کو فوری اقدامات کی ہدایت کی اور سیکورٹی انتظامات کو مؤثر کرنے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ہنگامی اجلاس بلوالیا۔