عمران خان غیرملکی مفادات کو فروغ دینے والے میڈیا گروپوں کی سرپرستی نہیں کریں گے، فیاض چوہان

December 13, 2018

لاہور (نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اشتہاراتی پالیسی 2018 ء کے تحت اخبارات کی علاقائی، صوبائی اور قومی درجہ بندی کی جائے گی۔ پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے لیے مختلف صوبائی محکمو ں کےاشتہاری نرخوں کا تعین کیا جائے گا۔مختلف محکموں کے واجبات کی ادائیگی اور بلوں سے متعلق معاملات کا ڈی جی پی آر کے ساتھ مل کر ماہانہ حساب کتاب لیا جائے گا۔ الحمرا آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پر یس کے قوانین کتب کی اشاعت کے لیے لائسنس کے اجراء اور پرنٹنگ پریس سے نکلنے والی ہر چیز با لخصوص اخبارات میں آزادی اظہارسے متعلق ہیں۔گزشتہ حکومت نے پریس سے متعلق کوئی قانون سازی نہیں کی جس کے نتیجہ میں یہ تمام معاملات بغیر کسی وضع کردہ طریقہ کار اور قانون سازی کے چلائے جاتے رہے۔ موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی پریس قوانین کی تیاری سے متعلق اہم اقدامات اٹھائے ہیں ا ور تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک بل بعنوان ”پریس، نیوز پیپر، نیوز ایجنسیز اینڈ بکس رجسٹریشن ایکٹ2018“ تیار کیا ہے۔ جس کے تحت صوبائی آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اور صوبائی پریس رجسٹرار کے دفتر کا قیام اور شکایات کا ازالہ کیا جائے گا۔حکومت کے متعلقہ محکمے کے علاقائی دفاتر کو اختیارات تفویض کیے جائیں گے جس کے تحت وہ اپنے علاقے میں شائع ہونے والی کتب،اخبارات، اور پرنٹنگ پریس کی نگرانی کریں گے تا کہ علاقائی سطح پر ان کی صحیح جانچ پڑتال کی جاسکے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت نے اشتہاراتی پالیسی 2018 ء از سر نو مرتب کی ہے جس کے تحت اخبارات کی علاقائی، صوبائی اور قومی درجہ بندی کی جائے گی۔