’عمران خان نے آتے ہی قیامت برپا کردی ‘

December 14, 2018

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان نے آتے ہی قیامت برپا کردی ہے،روپیہ گر گیا اور یہ کہتے ہیں مجھے تو پتہ ہی نہیں۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں پی پی رہنما نے کہا کہ حکومت کو تعاون نہیں فتنہ اور بے چینی چاہئے، یہ بے چینی چاہتے ہیں تاکہ لوگ ان کے وعدوں کو بھول جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری حکومت کو موقع دینا چاہتےہیں، آپ کو احتساب کے نام پر انتقام لینےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ حکومت کےخلاف تحریک نہیں چلا رہے، حکومت خود اپنےخلاف کھڑی ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گیس کی بندش کےخلاف احتجاج کررہی ہے، ہماری لیڈرشپ نے پانی اور گیس کے معاملے پر احتجاج شروع کیا تو وہ رکے گا نہیں۔