حسن سردار کی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت

December 17, 2018

پاکستان ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے بھی پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت کر لی ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حسن سردار نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ تھے اب مزید کام نہیں کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ٹیم میں جونیئر کھلاڑیوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ میں قومی ہاکی ٹیم نے ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھااور کوئی بھی میچ نہیں جیت سکی تھی،پول میچز جرمنی سے 1-0 جبکہ نیدرلینڈز سے 5-1 سے شکست کھائی تھی جبکہ ملائشیا کے ساتھ میچ 1-1 سے برابر رہا تھا۔

پری کوارٹر فائنل میں بیلجیم نے 5-0 سے ہرایا تھا۔