آرمی چیف کی امیر قطر سے ملاقات

December 18, 2018

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کر کے افغانستان میں امن کے لیے قطر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوحہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قطر کے قومی دن کی پریڈ میں شرکت کی۔

آرمی چیف نے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف کو پُروقار پریڈ پر مبارکباد دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے بھی ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امیر قطر نے افغانستان سمیت علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افغانستان میں امن کے لیے قطر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون بڑھانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قطر کے وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے بھی ملاقات کی۔