افغان حکومت ٹیم بھی امارات پہنچ گئی، امن عمل آگے بڑھانے کیلئے ہر اقدام کریں گے، عمران خان

December 19, 2018

اسلام آباد(ایجنسیاں‘جنگ نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے ابوظہبی میں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے اہتمام میں معاونت کی ‘ قیام امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان سے جو بھی بن پڑے گا وہ کریں گے‘ادھر طالبان ذرائع کے مطابق فریقین میں افغانستان میں ممکنہ جنگ بندی اورغیرملکی فورسزکے انخلاء پر بات چیت ہوئی ہے۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہاکہ ہم دعا گو ہیں کہ امن بحال ہو اوربہادر افغان عوام پر تقریباً3 دہائیوں سے پڑی آزمائش ختم ہو۔ادھرافغان حکومت کی ایک اعلی سطحی امن مذاکراتی ٹیم بھی عبدالسلام رحیمی کی قیادت میں ابوظہبی پہنچ گئی ہے ۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مذاکرات کے بارے میں ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان نمائندوں کی امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے علاوہ سعودی، پاکستانی اور اماراتی حکام سے بات چیت ہوئی ہے جو جاری رہے گی۔طالبان ترجمان کے مطابق مذاکرات میں افغانستان میں قیامِ امن اور تعمیرِ نو، "قابض افواج" کے افغانستان سے انخلا اور امریکا اور اس کے اتحادیوں کی کارروائیاںروکنے کے بارے میں بات ہوئی ہے ۔ طالبان ذرائع نے بتایا ہے کہ فریقین نے مذاکرات میں افغانستان میں ممکنہ جنگ بندی اور افغانستان میں غیر ملکی افواج کے مستقبل کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے ۔ افغان طالبان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی وفد طالبان پر چھ ماہ کے لیے جنگ بندی اور مستقبل میں افغانستان کی ممکنہ نگراں حکومت میں اپنے نمائندے نامزد کرنے پر زور دے رہا ہے۔