پی پی کے نغمے ’دلا تیر بجا‘ کے موسیقار انتقال کر گئے

December 28, 2018

پاکستان پیپلز پارٹی کے مشہور بلوچی نغمے ’دلا تیر بجا‘ کی وجہ سے عالمی شہرت پانے والے موسیقار ظہور خان زیبی خالق حقیقی سے جا ملے۔

کراچی کے علاقے لیاری کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھنے والے ظہور خان زیبی کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ چوک میں ادا کی جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ظہور خان کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ نغمہ 1987ء میں ریلیز ہوا تھا جسے عابدہ خانم نے گایا تھا اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پہلے الیکشن کی مہم کا حصہ رہا۔

اس بلوچی نغمے نے ملک بھر میں ہی نہیں عالم گیر شہرت بھی پائی اور زبانِ زدِ عام ہوا۔

یہ نغمہ آج تک پیپلز پارٹی کے سیاسی جلسوں میں اسی دھوم اور جوش و جذبے کے ساتھ بجایا جاتا ہے، جسے سنتے ہی جیالے بے اختیار رقص کرنے لگتے ہیں۔