العزیزیہ ریفرنس، نوازشریف کی سزا کیخلاف اپیل دائر

January 01, 2019

نوازشریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکلاء کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی 7 سال قید کی سزا کے خلاف آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف کی اپیل کے ساتھ سزا معطل کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی جس میں ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی ڈویژن بینچ اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پرسماعت کریگا.

اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ خلاف قانون ہے جس میں کئی قانونی سقم موجود ہیں۔

واضح رہے احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی،نیب آرڈیننس کے تحت فیصلے کی تاریخ کے بعد 10 روز میں اپیل دائرکی جاسکتی ہے۔