ایک بے وفا ہیرو!

January 04, 2019

آپ کا بہت شکریہ بے وفا صاحب کہ آپ نے اپنی گوناں گوں مصروفیات میں سے ہمارے لئے وقت نکالا۔

میں انگریزی کا آدمی ہوں، میری اردو ذرا کمزور ہے، یہ گوناں گوں کیا ہوتا ہے۔

مطلب تو مجھے بھی نہیں پتہ۔ سنا ہے کہ یہ لفظ بہت زیادہ مصروفیات کے لئے استعمال ہوتا ہے۔

جی جی مصروف تو میں واقعی بہت زیادہ ہوں، لیکن آپ خود چلے آئے۔ آپ کے ہاں لیڈی رپورٹر کوئی نہیں۔

جی ہے مگر اس کی بھی گوناں گوں مصروفیات ہیں۔ چنانچہ آپ کے انٹرویو کا اعزاز مجھ ہی کو حاصل ہو رہا ہے اگر اجازت ہو تو آپ سے گفتگو کا آغاز کیا جائے۔

جی پوچھیں جو پوچھنا چاہتے ہیں۔

میں نے آپ کے بہت زیادہ بیانات ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت کے خلاف پڑھے ہیں ۔ مگر آپ نے خود ایک سے زیادہ شادیاں کی ہیں،یہ کیا معاملہ ہے۔

معاملہ بہت سیدھا ہے مگر آپ نے اسے پیچیدہ بنا دیاہے۔

وہ کیسے؟

وہ اس طرح کہ ایک سے زیادہ شادیاں کرنے کے خلاف مہم چلانے والے بیشتر افراد ایک سے زیادہ شادیاں لوگوں کو عبرت دلانے کے لئے کرتے ہیں۔

ویسے بے وفا صاحب ایک اور بات جو مجھے سمجھ نہیں آئی اور وہ یہ کہ ہمارے مولوی صاحبان ایک سے زیادہ شادیوں کے حق میں مسلسل خطبات دیتے ہیں۔ لیکن خود ایک سے زیادہ شادی ان میں سے بہت کم لوگ کرتے ہیں۔ دوسری طرف اگر ان کا کوئی داماد دوسری شادی کا خواہشمند نظر آئے تو وہ سارے شرعی جواز بھول جاتے ہیں اور ان کی راتوں کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں۔

یہ آپ مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہیں، ان سے پوچھیں جن کے قول و فعل میں تضاد ہے۔

اگر آپ اجازت دیں تو میں آپ کے قول و فعل کے تضاد والی بات پر کھل کر قہقہہ لگا لوں؟

ضرور لگائیں، مگر اب کوئی اور بات پوچھیں۔

چلیں ٹھیک ہے، بے وفا صاحب آپ یہ بتائیں لوگ آپ کو بے وفا کیوں کہتے ہیں اور آپ نے اس کا برا ماننے کی بجائے اسے اپنے نام کا حصہ کیوں بنا لیا ہے؟

دیکھیں جی بات یہ ہے اور آج پہلی دفعہ اس راز سے پردہ اٹھا رہا ہوں۔ میرا ایک بہت عزیز دوست تھا جس کا نام وفا تھا، قضائے الٰہی سے وہ فوت ہوگیا۔ یعنی میں وفا سے محروم ہوگیا۔ چنانچہ میں نے اس کے بعد بے وفا کہلوانا پسند کیا۔ یعنی اپنے دوست وفا کے بغیر زندگی گزار رہا ہوں، آپ کو کیا پتہ مجھے اس سے جدائی کا کتنا صدمہ ہے۔ لیکن آپ ابھی تک ادھر ادھر کی ہانک رہے ہیں، انٹرویو تو شروع ہی نہیں کیا۔

میں سمجھ گیا ہوں، آپ انٹرویو کسے کہتے ہیں ۔ تو میں آغاز کرتا ہوں، بے وفا صاحب میرا پہلا سوال یہ ہے کہ آپ کو پھول کون سا پسند ہے۔

جس میں خوشبو نہ ہو۔

کوئی پسندیدہ شعر۔

صداقت چھپ نہیں سکتی بناوٹ کے اصولوں سے

کہ خوشبو آ نہیں سکتی کبھی کاغذ کے پھولوں سے

گویا آپ کو کاغذ کے پھول پسند ہیں۔

جی ہاں، یہ صرف دیکھنے کے کام آتے ہیں، نہ انہیں قبروں پر چڑھایا جاسکتا ہے نہ یہ کسی کے گلے پڑھتے ہیں۔

تاہم کوئی خوشبو بھی تو آپ کو پسند ہوگی۔

جی ہاں نئے کرنسی نوٹوں کی خوشبو پسند ہے۔

آپ صبح اٹھتے ہی پہلا کام کیا کرتے ہیں۔

اخبار پڑھتا ہوں تاکہ پتہ چل سکے کہ کون مضبوط جا رہاہے۔

اس کامقصد؟

اس کامقصد واضح ہے جو مضبوط ہو، اس کے ہاتھ مضبوط کئے جائیں۔ اس سے انسان جلدی اپنی منزل تک پہنچ جاتا ہے۔

آپ کا گھر قبرستان کے قریب ہی ہے نا؟

جی، مگر آپ یہ کیوں پوچھ رہے ہیں۔

بس ایسے ہی۔ چلیں یہ بتائیں آپ کو اداکار کون سا پسند ہے؟

کوئی بھی نہیں ۔

اور اداکارہ؟

سبھی پسند ہیں۔

ہیجڑوں کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟

مجھے بہت پسند ہیں۔ یہ کسی ایک طرف نہیں ہوتے۔

آپ کا پسندیدہ رنگ۔

سفید۔

میں نے خون کا رنگ نہیں پوچھا۔

تو پھر سیاہ۔

وہ کیوں؟

کیونکہ مجھے ماتمی ماحول ساز گار ہے۔ انسان کسی خاتون کے بھی گلے لگ کر اسے پُرسا دے سکتاہے۔ جبکہ عام حالات میں اس کی صرف تمنا ہی کی جاسکتی ہے اور اگر ہمت سے کام لیا جائے تو مار بھی پڑ سکتی ہے۔

آپ نے کبھی کسی سے محبت کی؟

جی ہاں، جو شخص محبت نہیں کرسکتا میں اسے انسان ہی نہیں سمجھتا، میں اب تک ڈیڑھ دو سو محبتیں کر چکا ہوں۔

معاف کیجئے میں نے محبت کا پوچھا ہے اور آپ بڑ ہانک رہے ہیں۔

چلیں آپ کو ایک محبت کا بتائے دیتا ہوں۔ایک بزرگ خاتون سے محبت کی تھی۔

بزرگ خاتون!

جی ہاں وہ کوئی ستر کے پیٹے میں تھیں، بے اولاد تھیں اور تازہ تازہ بیوہ ہوئی تھیں۔ میں ان کو دل دے بیٹھا مگر میری یہ محبت آغاز ہی میں ناکام ہوگئی۔

وہ کیسے۔

مرحومہ نے اپنی ساری جائیداد اپنے دور پار کے ایک عزیز کے نام کردی مجھے اس کا بہت صدمہ ہوا۔

گویا آپ کے ساتھ بے وفائی ہوئی۔ آخر میں ایک اور سوال ، کیا آپ فلم میں کام کرنا پسند کریں گے، کیوں نہیں، کیوں نہیں، مگر مجھے اداکاری کرنا نہیں آتی۔

یہ تو آپ انکسارسے کام لے رہے ہیں، ویسے بھی فلم میں آپ کا کردار بے وفا ہیرو کا ہوگا اور یوں آپ کو اداکاری کرنا ہی نہیں پڑے گی۔

میرے ساتھ ہیروئن کون ہوگی؟

وہ تو آپ بدلتے رہیں گے نا۔

اللہ آپ کو خوش رکھے۔ آپ فلم شروع کریں اور سرمائے کی فکر نہ کریں وہ میں خود لگائوں گا۔

انٹرویو کیلئے بہت شکریہ بے وفا صاحب، یہ میرا آخری انٹرویو ہے۔ آج میں اخبار سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ میں اور آپ مل کر اب فلمسازی کے میدان میں اپنا سکہ جمائیں گے۔ آپ ہر دوسرے سین میں ایک نئی ہیروئن کے ساتھ نظر آئیں گے۔ چیک لینے کب حاضر ہو جائوں؟