حکومت کا فرنس آئل کی درآمدات فوری روکنے کا حکم

January 08, 2019

وفاقی حکومت نے فرنس آئل کی درآمدات فوری روکنے کا حکم دے دیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کےترجمان کے مطابق اس ضمن میں ملک میں قائم تیل کی تمام ریفائنریزکو صلاحیت اور معیار بہتر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ تمام ریفائنریوں کو فرنس آئل کی پیداوار کم کر کے نہ ہونے کے برابر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کہا گیا ہے کہ فرنس آئل کی اسٹوریج کے لیے بجلی بنانے والوں سے تجارتی معاہدے کریں، تمام ریفائنریاں خام تیل کی ضمنی پیداوار میں فرنس آئل سے ہونے والی پیداوار انتہائی کم کردیں۔

ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ ہدایت کی گئی ہے کہ آئل ریفائنریوں کو چاہیے کہ اضافی اسٹوریج کی سہولت پیدا کریں۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو فرنس آئل کی درآمد کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہے۔