عدالتی حکم کے بعد بلاول، مراد کو ECL سے نکال کر واچ لسٹ میں رکھا جائیگا

January 11, 2019

اسلام آباد(حذیفہ رحمان) سپریم کورٹ کے تحریری احکامات کے بعد بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا مگر واچ لسٹ میں رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کا نام ای سی ایل سے نکالنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزارت قانون اور اٹارنی جنرل کی طرف سے رائے دی گئی کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کا تحریری حکم پڑھ کر کیا جائے۔ جس پر کابینہ کی اکثریت نے اتفاق کیا۔ اس حوالے سے وزارت داخلہ کے سیکرٹری نے تفصیلی رپورٹ بھی کابینہ میں پیش کی۔ ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات موصول ہونے کے بعد دونوں رہنماؤں کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا جائے گامگر واچ لسٹ میں ضرور رکھا جائےگا۔ بلاول بھٹو کی حد تک رائے پائی جاتی ہے کہ اگر ان کا نام جے آئی ٹی سے نکال دیا گیا تو وزارت داخلہ ان کی حد تک کوئی ایکشن نہیں کرے گی، البتہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے باوجود ان پر سخت مانیٹرنگ رکھی جائے گی اور تمام ائیرپورٹس بالخصوص کراچی ائیرپورٹ پر ایف ائی اے حکام کا خصوصی خفیہ ہدایت نامہ جاری کیا جائے گا۔ جس میں وزیراعلی سندھ کے بیرون ملک دوروں اور روانگی کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جائے گی۔