آزاد ہیں،مطالبات مان لئے گئے تو حکومت کا ساتھ دینگے، اختر مینگل

January 17, 2019

اسلام آباد (آئی این پی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، حکومت اگر خود گری تو معلوم نہیں بچا سکیں گے یا نہیں، مطالبات مان لئے گئے تو حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اختر مینگل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سے اتحاد کیلئے 6؍ نکات پر عملدرآمد کی شرط رکھی تھی، بدقسمتی سے حکومت ہمارے مطالبات پر ایک فیصد بھی عملدرآمد نہیں کر سکی، حکومت کے روپے میں چار ماہ گزر جانے کے باوجود کوئی سنجیدگی نظر نہیں آرہی، پی ٹی آئی کی حکومت سے اتحاد جاری رکھنے یا ختم کرنے کا حتمی فیصلہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی اور آئندہ لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا، ہم نے ہر جگہ پر حکومت کی حمایت کی اور ابھی بھی آزاد بینچوں پر قومی اسمبلی کے اندر بیٹھ رہے ہیں۔