آسٹریلیا میں فضائی میزبانوں کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا گینگ گرفتار

January 18, 2019

کینبرا (این این آئی)آسٹریلوی پولیس نے منشیات کی سمگلنگ کے ایک ایسے گینگ کو پکڑا ہے جو کہ مبینہ طور پر ڈرگز کی سمگلنگ کیلئے فضائی میزبانوں کو استعمال کرتا آیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملک کے وفاقی تحقیقاتی ادارے آسٹریلین فیڈرل پولیس کے مطابق میلبرن میں موجود یہ ویتنامی گینگ گزشتہ پانچ سال سے ان کارروائیوں میں ملوث ہے۔ابھی تک آٹھ لوگوں کو ان الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے ایک ائرلائن کا ملازم ہے۔جن لوگوں پر اس جرم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام ہے ان میں چار مرد اور چار عورتیں شامل ہیں ان کے عمریں 26سے 48سال کے درمیان ہیں ان سب پر منشیات سمگلنگ کا الزام ہے پولیس نے ملزمان کی شہریت کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی۔آسٹریلین بارڈر فورس کے ایک اہلکار نے ایک بیان میں کہا کہ ایئرلاین کا عملہ قانون کے سے بالاتر نہیں،ان پر بھی وہ قوانین لاگو ہوتے ہیں جو سب کے لیے بنائے گئے ۔گرفتار کیے گئے آٹھ لوگوں کو مئی میں میلبرن کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔