نئے پاکستان کا نعرہ اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ، صادق عمرانی

January 18, 2019

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن میر صادق عمرانی نے کہا ہے کہ نیا پاکستان کا نعرہ اپنے منطقی ا نجام کو پہنچ چکا ہے جس مقصد کیلئےیہ نعرہ لگواکر تجرباتی حکمرانوں کو مسلط کیا گیا وہ بھی قوم پر عیاں ہو چکا ہے بے وقت کی یہ راگنی صرف توجہ دلائو نوٹس بن کر رہ گئی ہے حقیقی سیاسی قوتوں کو دیوار سے لگانے کے منفی اثرات کھل کر سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں ۔ سوائے چندہ مہم کے حکمرانوں نے کیا ہی کیا ہے ۔ ڈیل کی وجہ سے دی گئی ڈھیل نے حکمرانی دعوئوں کا بوکاٹا کر دیا ہے ۔ ان گمبھیر ہوتے ہوئے حالات میں ملک کی حقیقی سیاسی قوتوں کو اپنی سیاسی روایات پر کاربند رہتے ہوئے ایک مرتبہ پھراپنا کردار نبھانا ہوگا اور قائداعظم کے پاکستان کو بچانا ہوگا۔ میر صادق عمرانی نے کہا کہ سیاسی انتقام کے کند ہتھیار سے سیاسی و اخلاقی اقدار کا قتل عام کرنیوالے ا س حقیقت کا بھی ادراک رکھیں کہ آنیوالے دنوں میں انہیں بھی اس منفی طرز عمل کا سامنا کرنا ہے کیونکہ ذاتی انتقام کی اس ڈالی گئی روایت کی آبیاری بھی حکمرانوں نے اپنے ہی ہاتھوں کی ہے ۔