پیپلز پارٹی کا فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی مخالفت کا اعلان

January 18, 2019

پاکستان پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی مخالفت کا اعلان کردیا ہے۔

بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی زیر صدارت کراچی میں ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے فوجی عدالتوں کی مخالفت کا فیصلہ کیا ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


بلاول ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں فریال تالپور،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، خورشید شاہ،اعتزاز احسن، شیری رحمٰن،فرحت اللہ بابر، قمر زمان کائرہ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ و دیگر نے شرکت کی۔

یوسف رضا گیلانی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی پیپلز پارٹی حمایت نہیں کرے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی،جنوبی پنجاب صوبہ چاہیے محدود اختیارات کی خیرات نہیں لیں گے۔

ان کا کہناتھاکہ 18 ویں ترمیم پر ہم نے تمام پارٹیوں سے مشورے لیے تھے، چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی تھا ہم نے اسے ختم کیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ تمام اراکین نے مل کر 73 کے آئین کو بحال کیا، ہمارا مصمم ارادہ ہے کہ 18 ویں ترمیم کا دفاع کریں گے، 18 ویں ترمیم کے خلاف وفاقی حکومت کچھ ادارے واپس لے رہی ہے، وفاقی حکومت کے اداروں کو واپس لینے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا اور باعزت بری ہوئے، نئےچیف جسٹس سےامید ہے کہ بھٹو صاحب کا کیس حل کریں گے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انسانی حقوق پرعمل کیلئے پارلیمنٹ میں آواز اٹھائیں گے،پی پی اصولوں کی سیاست کرتی ہے، کسی دباؤ میں نہیں آتی، جو کچھ قومی مفاد میں ہوگا وہی کریں گے۔