مداخلت کا شکوہ، پنجاب میں ق لیگ کے وزیر معدنیات مستعفی

January 19, 2019

لاہور ( نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے مداخلت کا شکورہ کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ پارٹی کے صوبائی صدر چوہدری پرویز الہیٰ کو پیش کر دیا ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے استعفیٰ وزیر اعلیٰ کو نہیں بھجوایا،حافظ یاسر کو استعفیٰ واپس لینے کی ہدا یت کی اور ان کے تحفظات دور کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ ’’جنگ‘‘ سے گفتگو میں حافظ عمار یاسر نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میری وزارت میں بلاجواز مدا خلت کرکے مجھے کام سے روکا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے مجھے بائی پاس کرکے افسران کو احکامات جاری کئے جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی، ڈاکٹر توقیر شاہ بننا چاہتے ہیں، میں نے بار بار چیف منسٹر ہائوس سے محکمہ میں مداخلت سے وزیراعلیٰ اور پارٹی قیادت کو آگاہ کیا مگر میری شنوائی نہ ہوسکی۔