آباد سوسائٹی اڈیالہ روڈ میں سہولتوں کی عدم فراہمی پر مکین سراپا ا حتجاج

January 20, 2019

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) آباد کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی اڈیالہ روڈ کے مکینوں نے بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی اور یونین رہنمائوں کی من مانیوں پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب اور رجسٹرار کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سوسائٹی میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص، سڑکیں ٹوٹی پھوٹی، سٹریٹ لائٹس اور پانی جیسے مسائل نے زندگی مشکل بنا رکھی ہے جبکہ خلاف قانون تیسری تیسری بار منتخب ہونے والے عہدیداروں کی ساری توجہ اپنے مفادات پر ہے۔ مکینوں کے مطابق سوسائٹی میں بعض یونین رہنمائوں کی آشیر باد سے مخصوص لوگ گزشتہ کئی برسوں سے کیبل اور انٹر نیٹ کا کاروبار کر رہے ہیں اور رہائشیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ نہ چاہنے کے باوجود بھی یہی کیبل اور انٹرنیٹ سروس استعمال کریں کیونکہ مارکیٹ میں موجود دیگر کیبل اور انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے والے اداروں کو سوسائٹی میں کنکشن دینے کی اجازت ہی نہیں دی جا رہی۔ رہائشیوں نے نیب حکام سے مطالبہ کیا کہ سوسائٹی کے معاملات کی تحقیقات کروائی جائے۔ دریں اثناءسوسائٹی کے سیکرٹری راجہ مسرور جمال سے متعدد بار رابطہ کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے فون نہیں سنا۔