سانحہ ساہیوال ،ورثاکی ڈیمانڈ کےمطابق ایف آئی آرکٹی،افتخار درانی

January 22, 2019

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے کہا کہ واقعہ ساہیوال افسوسناک ہے حکومت نے پوری کوشش کی اس کو بہتر طریقے سے ہینڈل کیا جائے ،انصاف کا بول بالا ہوگالواحقین کی ڈیمانڈ کے مطابق ایف آئی آر درج کی گئی سی ٹی ڈی کے سولہ لوگوں پر ایف آئی آر ہوئی ، حقیقت تین دن میں سامنے آجائے گی۔مسلم لیگ نون کے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے پاکستان کے بیانیہ کے مطابق وزیراعظم کو جیل میں ہونا چاہیے، کیس خراب کرنے کے لئے مقتولین کا نام نہیں دیا گیا اس واقعہ پر کسی منسٹر کسی افسر کا استعفیٰ نہیں ہوسکتا۔ پیپلزپارٹی کی پلوشہ خان نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا ہم اس سانحہ کو پی جائیں مظلوموں کے ساتھ کھڑے نہ ہوں، یہ کونسا ریفارم لارہے ہیں جہاں تک خیبرپختونخوا کی پولیس کی بات ہے نور عالم جو ان کی پارٹی کے ایم این اے ہیں آج انہوں نے ٹوئٹ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کی پولیس مثالی نہیں ہے یہ سب جھوٹ ہے ۔ہمیں اس سے مطلب یہ نہیں ہے کہ وزیراعظم دکھی ہیں یا نہیں وہ ذمہ داری کس حد تک ادا کر رہے ہیں بتائیں۔