کورنگی میں میاں بیوی کو زخمی کرنے کا واقعہ، دو ملزمان گرفتار

January 29, 2019

کورنگی میں گولیاں لگنے سے میاں بیوی کے زخمی ہونے کا سبب بننے والے پولیس مقابلے میں ملوث دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک ملزم فرار ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


گرفتار دونوں ملزمان گزشتہ پانچ سال کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں مختلف جرائم میں ملوث اور کئی مرتبہ گرفتار کیے جاچکے۔

ایس ایس پی سید علی رضا نے اس سلسلے میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں صحافیوں کو کورنگی میں میاں بیوی کے زخمی ہونے کی اصل واردات سے آگاہ کیا۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان محمد جاوید اور ابوذر سلیم کو عوامی کالونی میں کراٹے سینٹر لنک اسٹریٹ سے گرفتار کیا گیا۔

دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا، دوران تفتیش 20 جنوری کے واقعہ کے حوالے سے انکشافات کئے۔جس کے مطابق 20 جنوری کو کورنگی سی ایریا میں چیکنگ کرنے والے پولیس اہلکار نے جاوید پر اسلحہ تان لیا تھا۔

ایس ایس پی سید علی رضا کے مطابق ملزم جاوید نے جان خطرے میں دیکھ کر پولیس اہلکار سے رائفل چھین لی، ساتھی کے ہمراہ فرار ہوا،پولیس اہلکار نے اپنے ساتھی سے رائفل لے کر تعاقب کیا تو فرار ہونے کے دوران جاوید نے ہوائی فائرنگ کردی۔

پولیس اہلکار نے سب مشین گن سے جوابی فائرنگ کی ملزمان چھینی گئی رائفل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ملزم جاوید نے پولیس اہلکار کی رائفل پھینک کر ایک شہری سے موٹر سائیکل چھین لی تھی، ملزمان نے چھینی گئی موٹر سائیکل بھی تھوڑے فاصلے پر اسی گلی میں چھوڑ دی تھی۔

موٹر سائیکل فوراً واپس مل جانے کی وجہ سے شہری نے پولیس کو اطلاع دی اور نہ مقدمہ درج کرایا۔ ملزمان کا تیسرا ساتھی بھی موٹر سائیکل پر موجود تھا، جس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ دونوں ملزمان کے فنگر پرنٹ لیے گئے تو دونوں 5 سال سے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں ملوث پائے گئے۔

گرفتار ملزم جاوید کے خلاف سال 2014 سے اب تک کراچی کے مختلف تھانوں میں 8 مقدمات درج ہیں۔ ایس ایس پی کورنگی علی رضا نے میڈیا کو بتایا کہ ملزم ابوذر سلیم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 7 مقدمات درج ہیں، ایس ایس پی سید علی رضا کے مطابق دونوں ملزمان کئی مرتبہ گرفتار ہوکر جیل کاٹ چکے ہیں۔