پاکستان میں مچھر سے پھیلنے والے دماغی امراض کے وائرس کا انکشاف

February 08, 2019

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں پہلی مرتبہ مچھر سے پھیلنے والے دماغی امراض کے وائرس ،ویسٹ نائل وائرس (ڈبلیواین وی) کا انکشاف ہوا ہے، جوکئی طرح کےدماغی و اعصابی امراض کی وجہ بنتے ہوئے مریض کی جان بھی لے سکتا ہے۔مچھروں سے پھیلنے والے وائرس سے متاثر ہونے کے بعد 20 فیصد واقعات میں بخار، دردِ سر اور قے آتی ہے تاہم ایک فیصد سے کم واقعات میں دماغ متاثر ہوتا ہے اور مریض ہلاک بھی ہوسکتا ہے۔ ویسٹ نائل وائرس سے دماغی سوزش (اینسیفلائٹس)، دماغی بافتوں کی سوجن اور گردن توڑ بخار بھی ہوسکتا ہے۔ صوبہ پنجاب میں 2016 سے 2018 تک خون کا عطیہ دینے والے 1,070 افراد کے خون کے نمونوں کی آزمائش کی گئی۔ ڈاکٹروں نے 2016 سے 2017 تک 4500 مچھروں کا مطالعہ کیا تو معلوم ہوا کہ ویسٹ نائل وائرس ایک مختلف انداز سے زیرِ گردش ہے،اس پر تحقیق کرنے والے سینیئر ماہر محمد ثاقب فیصل آباد یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہ وائرس مچھروں کے کاٹنے سےپھیلتا ہے لیکن پاکستان میں یہ خون کی منتقلی سے بھی پھیل رہا ہے۔