’بلاول نے مجھے 3 برے جملے کہے، میں نے جواب میں 6 کہہ دیئے‘

February 09, 2019

وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ بلاول نے جو کچھ کہا میں نے جواب دے دیا،انہوں نے مجھے 3برے جملے کہے، میں نےجواب میں 6 کہہ دیئے، جیسے کو تیسا۔

وزیر ریلوے نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلاول نے مجھ سے معافی مانگ لی اور کہا کہ بات ختم، میں نے کہا کہ حضور ختم، میری کسی سے ذاتی لڑائی نہیں ہے۔

وزیر ریلوے کہتے ہیں کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ممبر بن چکا ہوں، مجھے شہبازشریف کسی صورت قبول نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا ادھر سے ادھر ہوجائے نوازاور شہباز کو این آر او نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ خاقان عباسی کو بلایا گیا تھا وہ ملک سے باہر ہیں، مزید جن افراد کو بلایا جائے گا وہ بھی ملک سے باہر ہوں گے، کسی نے بھی علیم خان کے خلاف احتجاج نہیں کیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم سے دو ملاقاتیں ہوئی ہیں،پارٹی لیڈر کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ جسے چاہے کمیٹی میں نامزد کرے۔

انہوں نے بتایا کہ 30مارچ کو پہلی وی آئی پی ٹرین لاہور سے کراچی جائے گی، ان علاقوں میں جا رہے ہیں جہاں روڈ نیٹ ورک اچھا نہیں ہے۔

وزیر ریلوے نے یہ بھی کہا کہ ٹریفک اور پولیس کو ریلوے میں اختیارات دیئے ہیں، ڈی ایس حضرات کو بھی اختیارات دیدیے ہیں۔