پتنگ کی ڈور سے موٹرسائیکل سوار کی گردن کٹ گئی

February 11, 2019

فیصل آباد( نمائندہ جنگ) تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقے ایوب کالونی میں ایک موٹر سائیکل سوار گلے پر پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہو گیا۔ خالد آباد کا رہائشی 22 سالہ وقاص موٹر سائیکل پر ایوب کالونی جا رہا تھا کہ رحمانیہ روڈ پر گلے میں ڈور پھرنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔ اسے طبی امداد کی فراہمی کےلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا ۔ واضح رہے کہ فیصل آباد میں جمعہ کے روز پابندی کے باوجود بسنت منائی گئی تھی اور اس روز بھی ہوائی فائرنگ، ڈور پھرنے اور دیگر واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے تھے ۔ریجنل پولیس آفیسر غلام محمود ڈوگر نے نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایس ایچ او علی عمران سب انسپکٹر کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا , آر پی او نے سی پی او سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی۔