خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے بجلی کے خالص منافع کی رقم کا تقاضا کردیا

February 12, 2019

خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے بجلی کے خالص منافع کی مد میں واجب الادا رقم کا تقاضا کر دیا،تاکہ مالی مشکلات سے دوچار صوبے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کو جاری رکھا جا سکے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پیسوں کی ادائیگی کے لیے وفاقی حکومت کو خط ارسال کیا ہے ۔ جس میں کہا گیا ہے کہ صوبہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے۔

وفاق بجلی کے خالص منافع کی مد میں واجب الادا بقایا جات سے صوبہ کو37 ارب روپے فوری طور پر ادا کرے۔ بصورت دیگر ترقیاتی کاموں سمیت دیگر سرگرمیوں کو ری شیڈول کرنا پڑسکتا ہے۔

دستاویز کے مطابق گزشتہ 6 ماہ سے بجلی کے خالص منافع کے پیسے نہیں مل رہے ، حالانکہ واپڈا نے نیپرا کے ساتھ مشترکہ اجلاس میں پیسے دینے کی حامی بھری تھی۔

وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کے مطابق کئی بار وفاقی حکومت کو صوبہ کی کمزور مالی مشکلات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی اسکیموں پر کام نہیں روک سکتے،وزیراعظم عمران خان نے یقین دلایا تھا کہ فروری تک پیسے مل جائیں گے۔