کوئی پریشر نہیں، پورا ٹورنامنٹ باقی ہے،کپتان لاہور قلندرز حفیظ

February 16, 2019

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ میں قسمت نے ایک بار پھر لاہور قلندرز کا ساتھ نہیں دیا دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈکے خلاف جیتا ہوا میچ ہارگئی لیکن لاہور کے کپتان محمد حفیظ کہتے ہیں کہ ہمارے اہم کھلاڑی کورے اینڈرسن ابھی نہیں آئے ہیں ۔ ان کے آنے سے ٹیم مضبوط ہوگی ، ہمارے لئے ابھی پورا ٹورنامنٹ باقی ہے۔ حفیظ نے کہا کہ ہم پر کوئی پریشر نہیں تھا، بیٹنگ لائن نے اچھی کارکردگی دکھائی۔190 رنز کا ہدف ذہن میں تھا لیکن ہم نے جس اسکور کا ذہن بنایا تھا وہ اسکور نہ کرسکے۔ شاہین شاہ آفریدی ہمارے مین بولر ہیں، انہوں نے اچھی بولنگ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ راحت علی ہمارے وکٹ لینے والے بولر ہیں انہوں نے چار وکٹ لے کر اچھا پریشر ڈالا لیکن ان کے آخری اوور میں لگنے والے دو چھکوں سے میچ کا ٹیمپو تبدیل ہوگیا۔ فاتح ٹیم کے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ ہماری اننگز کے آخری پانچ اوورز اور لاہور کی اننگز کے آخری پانچ اوورز میں میچ ہمارے حق میں چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز اچھے انداز میں کیا ہے۔امید ہے کہ ٹورنامنٹ اسی طرح کامیابی کے ساتھ ختم ہوگا۔