’جنگ خطے میں بسے عوام کے حق میں نہیں‘

February 19, 2019

مسلم لیگ( ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارتی قیادت وقتی سیاسی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کےلئے خطے کے امن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔

ن لیگی ترجمان نے بھارتی اشتعال انگیزیوں اور جنگ کی دھمکیوں کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ بھارتی قیادت ہمیشہ کی طرح الزام تراشی، اشتعال انگیزی اور دھمکیوں پر اتر آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی علاقائی امن و سلامتی کو داؤ پر لگا کر دانش مندانہ طرز عمل اختیار نہیں کررہے ، جنگ کسی صورت خطے اور اس میں بسنے والے عوام کے حق میں نہیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بھارتی دھمکیاں پاکستان کو مظلوم کشمیروں کی حمایت سے پیچھے ہٹا نہیں سکتیں،بھارتی قیادت اپنی وقتی سیاسی مجبوریوں اور فائدے کے لئے خطے کے امن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں دے کر مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ وادی میں ہونے والے انسانیت سوز مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔

ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہاکہ نفرت، انتشار اور اشتعال انگیزی کی سیاست سے کچھ وقتی فائدہ حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے یاد رکھیں کہ اس کے دور رس تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح پاکستان پر جھوٹے الزامات لگانے کے بجائے پاکستان کی پیشکش پر مثبت جواب دے ،کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لئے پوری قوم ایک ہے۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے،شوق شہادت کے عظیم جذبہ سے لیس ہماری بہادر مسلح افواج دفاع وطن کے لئے ہمہ وقت تیاراور چوکس ہے۔