میڈیکل بورڈ نے حکومت کونوازشریف کی انجیو گرافی کی سفارش کر دی

February 20, 2019

لاہور(نمائندہ جنگ)جناح اسپتال لاہور میں سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کا علاج معالجہ پانچویں روز جاری رہا ،منگل کو معمول کے معائنہ کے بعد نواز شریف کے علاج کیلئے بنائے گئے میڈیکل بورڈ نے حکومت کو ان کی انجیو گرافی کروانے کی سفارش کر دی ہےجبکہ پروفیسر عارف تجمل کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی شوگر اور بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے،نوازشریف کی انجیو گرافی کے لئے ہمارے پاس بہترین مشین موجود ہے، گردوں میں معمولی پتھری بڑا مسئلہ نہیں،دوسری طرف اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف اور مریم نواز نے جناح اسپتال میں نواز شریف سے ملاقات کی ۔ سابق وزیر اعظم کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر عارف تجمل نے میڈیا کو نواز شریف کی صحت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت بہتر ہے،ان کے گردوں میں معمولی پتھری ہے جو اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے،حکومت جو ہمیں کہے گی اس پر عمل کیا جائے گا۔