انڈیا امن کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے، شہباز گل

February 23, 2019

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاہےکہ انڈیا خطے میں امن کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کررہا ہے ،ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہاکہ پاکستان کی پوری قوم بشمول سیاسی جماعتیں ہندو ستان کی جارحیت کیخلاف متحد ہیں، تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں خود کو تنہا کررہا ہے جبکہ پاکستان کا بیانیہ مضبوط ہورہا ہے،ماہر قانون ریما عمر نے کہا کہ کلبھوشن کیس میں عالمی عدالت انصاف کا دائرہ اختیار بہت محدود ہے، آئی سی جے کسی ملک میں قید شخص کو رہا نہیں کرسکتا البتہ یہ ضرور کہہ سکتا ہے کہ اس کی سزا کو ریویو کیا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل نے کہاکہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ ہوا ہے،پچھلے دنوں پراپیگنڈہ کیا گیا کہ بہاولپور کے مدرسہ میں دہشتگردہیں، حکومت پنجاب کے حکام نے مدرسہ کا دورہ کیا تو وہاں صرف بچے پڑھ رہے ہیں، اساتذہ وہاں نارمل دینی اور دنیاوی تعلیم دے رہے ہیں، اس مدرسہ میں دہشتگردی سے متعلق کوئی سرگرمی نظر نہیں آئی،مدرسہ تحویل میں لینے کا مطلب یہ نہیں کہ اس پر قبضہ کرلیا گیا ہے، اس مدرسہ کا نظم و نسق فی الحال حکومت پنجاب کے پاس ہے، نیشنل ایکشن پلان میں بھی یہ نکتہ تھا کہ تمام مدارس کے کنٹرول میں حکومت بھی شامل ہوگی، یہ اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں حکومت مدرسوں کی بہتری کیلئے مدد کرے گی۔شہباز گل کا کہنا تھا کہ انڈیا خطے کے امن کے بجائے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے، پاکستان اور چین دونوں ہی انڈیا کی آنکھوں میں کھٹکتے ہیں، بھارت کشمیریوں پر مظالم چھپانے کیلئے دوسرے ملکوں پر بے جا الزام تراشی کرتا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہا کہ وزیراعظم اور پاک فوج کے موقف سے زیادہ واضح بیان نہیں دیا جاسکتا ہے۔